بھٹکل، 24؍ جون (ایس او نیوز) ملک میں ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور آسمان کو چھوتی مہنگائی کے خلاف ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کی طرف سے بھٹکل شمس الدین سرکل کے قریب واقع پیٹرول بنک کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر ویلفیئر پارٹی کے ضلع صدر ڈاکٹر نسیم خان نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ سب کا وکاس کا نعرہ لگانے والی مرکزی حکومت نہ جانے کا وکاس کرنے پر تُل گئی ہے۔ ایک طرف پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں لگاتار بڑھتی جارہی ہیں۔ دوسری طرف روز مرہ کی ضروری چیزیں خطرناک طریقہ سے مہنگی ہوتی جارہی ہیں۔ پھر ریاستی حکومت نے اب بجلی کی شرح میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ کورونا وباء کی وجہ سے انتہائی مشکل میں پھنسے ہوئے عوام کے زخموں پر مرہم کی جگہ نمک لگانے کا کام کیا جا رہا ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے صرف غریب ہی نہیں بلکہ متوسط اور کھاتے پیتے گھرانوں کے لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومت اس مہنگائی کو قابو میں کرنے کے لئے جلد سے جلد ضروری اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ وباء کو کنٹرول کرنے کے معاملے میں بھی بہت زیادہ بدعنوانی ہورہی ہے۔ پی ایم کیئرس فنڈ میں جمع ہورہے ہزاروں کروڑ روپوں کا حساب و کتاب بتانے کے لئے حکومت تیار نہیں ہے۔ کووڈ سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی کی وجہ سے 3 لاکھ سے زیادہ لوگ موت کا شکار ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت فوری طور پر مہنگائی کو قابو میں کرنے کے لئے آگے نہیں آئی تو پھر اس کے خلاف ملک بھر میں زبردست احتجاج کا سلسلہ چل پڑے گا۔
اس موقع پر پارٹی کے ضلعی نائب صدر شوکت خطیب، ضلع جنرل سیکریٹری آصف شیخ، خزانچی عبدالجبار اسدی اور دیگر کارکنان موجود تھے۔